ہومپاکستانآزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 4نشستوں کیلئے پولنگ کل ہو گی،انتظامات مکمل

آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 4نشستوں کیلئے پولنگ کل ہو گی،انتظامات مکمل

مظفر آباد (سب نیوز)آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں کیلئے پولنگ کل 10 اگست کو ہوگی۔ووٹنگ کے لیے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلیں ہیں، دونوں اضلاع میں سیکورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں، انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے جبکہ انتخابی سامان بھی تمام پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ چکا ہے۔

تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں کے لیے پولنگ ہونا تھی، تاہم ضلع پونچھ اور سدھنوتی کے 7 انتخابی حلقوں میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ووٹنگ موخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ضلع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں ووٹرز کی تعداد تقریبا 4 لاکھ 60 ہزار ہے اور ان حلقوں میں ایک موجودہ اور دو سابق وزرائے اعظم بھی انتخابات میں قسمت آزما رہے ہیں۔دوسری جانب ڈویژن کے باقی 2اضلاع، یعنی راولاکوٹ اور سدھنوتی میں کالعدم جوائنٹ عوام ایکشن کمیٹی احتجاج جاری رکھ ہوئے ہے۔ کمیٹی کا موقف ہے کہ ان کا احتجاج پر امن ہے جبکہ انتظامیہ ان پر مسلح اور پرتشدد ہونے کا الزام لگاتی ہے۔

ریاست نے 5جون کو کمیٹی کو کالعدم قرارد دیتے ہوئے اس کے سرکردہ رہنماوں اور متحرک افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شام کیے تھے۔ڈویژن میں انتخابات سے چند روز قبل ایکشن کمیٹی کے چند مزید متحرک کارکنان کے نام بھی فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے بعض کا دعوی ہے کہ ان کے شناختی کارڈ اور بینک اکاونٹ بھی معطل ہو چکے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔