تل ابیب (آئی پی ایس )اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے 15 نکاتی منصوبے کو مسترد کردیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے غزہ پیس بورڈ کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی دستاویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ سے اس وقت تک کسی قسم کا انخلا نہیں کرے گی جب تک حماس کو حقیقی طور پر غیر مسلح نہیں کردیا جاتا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس کی محض ظاہری یا فرضی کمزوری نہیں بلکہ اس کی حقیقی عسکری صلاحیتوں کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے بتایا کہ اس معاملے پر امریکا کے ساتھ بات چیت جاری ہے، امریکی حکام کی جانب سے پیش کی گئی کچھ تجاویز قابل قبول ہیں، تاہم بعض تجاویز اسرائیل کے لیے ناقابل قبول ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے 15 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خطے کو جنگ بندی کی صورتحال سے نکال کر معاشی بہتری کی جانب منتقل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
