مظفرآباد(سب نیوز)آئی جی آزاد جموں و کشمیر کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے ناپاک عزائم کا پردہ چاک کر دیا۔یوم شہدائے پولیس کے موقع پر مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کے نام نہاد امن پسند کارندوں نے عاقب شہید کی نعش وصول کرنے کیلئے موجود اہلخانہ کو اغوا کیا، باہر بیٹھ کر کشمیر پولیس کو گالیاں دینے والی کالعدم تنظیم کی حقیقت عاقب شہید کے والد سے پوچھیں۔
آئی جی آزاد کشمیر نے کہا کہ شرپسند ٹولے نے شہید کے اہل خانہ کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنائیں، عاقب شہید نے ایمبولینس میں جام شہادت نوش کیا اور کالعدم کمیٹی نے شہید کی نعش کو چار دن تک روک کر رکھا۔ان کا کہنا تھا کہ زمینی حقائق جانے بغیر پروپیگنڈا کرنے والوں سے سوال ہے کہ بتائیں سینہ چاک کر کے زندہ جلانے والا ظالم تھا یا ملک کا تحفظ کرنے والا؟ پولیس والے گولیاں لگنے سے زخمی ہو جائیں تو بھی ظالم اور گولیاں مارنے والے مظلوم، یہ کون سا انصاف ہے۔ کیپٹن (ر)لیاقت علی ملک نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی ریاست مخالف پروپیگنڈا کر کے آزاد جموں و کشمیر میں انتشار پھیلانے کی مذموم سازش ناکام ہو چکی ہے۔
