ہومتازہ ترینبھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈر حساس دفاعی معلومات مبینہ طور پر پاکستان کو دینے کے الزام میں گرفتار

بھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈر حساس دفاعی معلومات مبینہ طور پر پاکستان کو دینے کے الزام میں گرفتار

نئی دہلی (آئی پی ایس )بھارتی فضائیہ کے 44 سالہ حاضر سروس ونگ کمانڈر کو حساس دفاعی معلومات اور خفیہ دستاویزات مبینہ طور پر پاکستانی انٹیلیجنس آپریٹو کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق افسر کو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک خاتون نے ہنی ٹریپ کیا، جس کے بعد اس نے حساس معلومات اور دستاویزات شیئر کیں۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ونگ کمانڈر کو 30 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بھارتی پولیس نے اس کی گرفتاری کی تفصیلات تقریبا 50 روز بعد جاری کیں۔ افسر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا جبکہ دہلی پولیس نے 30 جولائی کو مقدمے کی تحقیقات مکمل کرکے متعلقہ عدالت میں چارج شیٹ بھی جمع کرا دی ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کی شکایت پر افسر کے خلاف آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ افسر کی سرگرمیوں پر نگرانی کی جارہی تھی اور بعد ازاں اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

خصوصی سیل اور مرکزی انٹیلیجنس اداروں کی مشترکہ تفتیش کے بعد اسے جون میں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ وہ اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ونگ کمانڈر کو رواں سال کے آغاز میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنا دوست بنایا۔ دونوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ اور محفوظ کمیونیکیشن ایپ کے ذریعے فون پر گفتگو ہوتی رہی۔رپورٹ میں ایک بھارتی پولیس افسر کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ خاتون نے اعتماد حاصل کرنے کے بعد ونگ کمانڈر کو بھارتی دفاعی نظام سے متعلق خفیہ دستاویزات اور حساس معلومات تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شیئر کرنے پر آمادہ کیا۔ خاتون نے مبینہ طور پر افسر سے اپنے ایک ساتھی کے موبائل فون میں ایک ایپ انسٹال کرنے کو بھی کہا، جس کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ وہ اسپائی ویئر یا ریموٹ ایکسس مالویئر کے طور پر فون کا ڈیٹا چوری کرنے اور مقام معلوم کرنے کے لیے استعمال ہوسکتی تھی۔بھارتی حکام کے مطابق معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بھارتی فضائیہ کے انٹیلیجنس ونگ نے الیکٹرانک نگرانی کے دوران افسر کی سرگرمیوں کا سراغ لگایا۔ فضائیہ کی انٹیلیجنس ٹیم نے مبینہ سرگرمیوں سے متعلق شواہد دہلی پولیس کے خصوصی سیل کو فراہم کیے، جس کے بعد افسر کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا۔ہندوستان ٹائمز نے ایک اور بھارتی افسر کے حوالے سے بتایا کہ خصوصی سیل کی تحقیقات میں بظاہر یہ سامنے آیا ہے کہ ونگ کمانڈر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز سے منسلک ہوسکتی ہے۔ بھارتی حکام نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ خاتون کسی بڑے جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ ہوسکتی ہے جو بھارتی دفاعی نظام سے متعلق معلومات جمع کرنے میں ملوث ہو۔تاہم بھارتی پولیس کے مطابق مقدمہ ابھی زیر سماعت ہے اور عدالت میں پیش کیے گئے الزامات ثابت ہونا باقی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔