کراچی(سب نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے اتحاد کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری امت کی دیرینہ خواہش رہی ہے کہ عالم اسلام ملتِ اسلامیہ کے لیے متحد ہو۔
انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ مسلم ممالک کے دفاع، سفارتکاری، صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے تجویز دی کہ اس معاہدے میں وسعت لاکر قطر، ایران، انڈونیشیا، ملائشیا اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کیا جائے تاکہ اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ امریکی اڈے مسلم ممالک کی حفاظت کے لیے نہیں بلکہ امریکی عزائم کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔
