ہومتازہ ترینآزاد کشمیر انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، نتائج قبول نہیں ہونگے، راجا پرویز اشرف

آزاد کشمیر انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، نتائج قبول نہیں ہونگے، راجا پرویز اشرف

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ انتخابی عمل شفاف نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی زدہ انتخابات کے نتائج کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔اتوار کو مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابی دھاندلی کے ثبوت الیکشن کمیشن کو فراہم کیے، تاہم ان شکایات پر کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر اس ذمہ داری کو پورا نہیں کیا گیا۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے یہی تاثر ملتا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں سب کچھ پہلے سے طے ہے۔ ان کے بقول، دھاندلی سے حاصل ہونے والے انتخابی نتائج نہ عوام کے اعتماد کی نمائندگی کریں گے اور نہ ہی ایسی حکومت عوامی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھے گی۔سابق وزیراعظم نے دعوی کیا کہ میرپور ڈویژن میں پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نکیال میں انتخابی عمل کے دوران پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جان سے گیا، جبکہ جاوید ایوب کے حلقے میں پولنگ یہ کہہ کر ملتوی کر دی گئی کہ پولنگ کا سامان نہیں پہنچا۔انہوں نے اس موقف پر بھی سوال اٹھایا کہ پولنگ کا سامان نہ پہنچنے کی وجہ سے انتخاب ملتوی کیا گیا اور کہا کہ معمول کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر سامان ایک روز پہلے پہنچا دیا جاتا ہے۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما ووٹ چوری کو معمولی واقعہ قرار دے رہے ہیں، حالانکہ بیلٹ پیپر جھوٹ نہیں بولتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے شفافیت ناگزیر ہے۔ انہی رویوں نے پاکستان میں جمہوریت کو اس نہج پر پہنچایا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔