اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان کی زیرصدارت شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں ہوگا، جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے قومی کوآرڈینیٹرز اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے نمائندے شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی صدارت پاکستان کے قومی کوآرڈینیٹر کریں گے۔ اجلاس میں ایس سی او کے باہمی تعاون اور رابطہ کاری سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران سرگرمیوں کے پروگرام اور آئندہ ایس سی او اجلاسوں اور تقریبات کی تیاریوں پر بھی غور کیا جائے گا۔پاکستان 27-2026 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کر رہا ہے اور اس دوران تنظیم کے مقاصد کو وژن کو عملی اقدامات میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی کے عنوان کے تحت آگے بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی چیئرمین شپ میں باہمی رابطوں کے فروغ، جدت کو آگے بڑھانے، معاشی تعاون میں اضافے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، تاکہ رکن ممالک کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی اقدامات میں تبدیل کیا جاسکے۔اجلاس پاکستان کی چیئرمین شپ کے تحت ایس سی او کی سرگرمیوں کے آغاز کی اہم کڑی ہوگا اور تنظیم کے مختلف اعلی سطحی اجلاسوں اور سرگرمیوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔ان سرگرمیوں میں اگست 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس بھی شامل ہے۔
