ہومپاکستانوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم

لاہور(سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں این سی سی آئی اے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیاجہاں ان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز اور تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔خصوصی اجلاس میں آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا،وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب اور انویسٹی گیشن ونگ کا معائنہ کیا،شہریوں کی شکایات سے لے کر تفتیش اور ملزمان کے خلاف کارروائی تک پورے نظام کا جائزہ لیاگیا۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہاکہ سائبر کرائم کرنے والا چاہے کہیں بیٹھا ہو، قانون کی گرفت میں لانا ہے،انہوں نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے،ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیجیٹل فرانزک کی استعداد بڑھانے، جدید فرانزک ٹولز کے استعمال اورتفتیشی افسران کی خصوصی تربیت کی ہدایت بھی کی،انہوں نے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں، جعلی اکاونٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہاکہ مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہوتے ہی فوری رسپانس کا نظام موثر بنایا جائے تاکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ بروقت رابطے کے ذریعے متاثرہ شہری کی رقم کو محفوظ بنانے اور ملزمان تک پہنچنے کے امکانات بڑھائے جا سکیں،شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے، ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے،سائبر کرائم کے نئے طریقوں کا مقابلہ روایتی تفتیش سے نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت سے کیا جا سکتا ہے،این سی سی آئی اے کو حقیقی معنوں میں پاکستان کی سائبر پولیس بنانا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں تحفظ فراہم کرے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے متعلق شکایات پر خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی اورکہاکہ شہریوں کے ڈیٹا، پرائیویسی اور مالی مفادات کا تحفظ این سی سی آئی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، ضروری وسائل اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے،انہوں نے سائبر کرائم سے بچاو کے لیے عوامی آگاہی مہم کو موثر بنانے اور شہریوں کو فراڈ کے نئے طریقوں سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ڈی جی این سی سی آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو سنٹرل زون کی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات، سائبر فراڈ کے رجحانات اور جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی،ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔