Saturday, June 20, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانحکومت اور پی ٹی آئی کے رابطے پھر بحال، میثاق جمہوریت کیلئے تیار ہیں، اسد قیصر

حکومت اور پی ٹی آئی کے رابطے پھر بحال، میثاق جمہوریت کیلئے تیار ہیں، اسد قیصر

اسلام آباد (سب نیوز)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے درمیان رابطے ایک بار پھر بحال ہوگئے ہیں، جس میں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی)ایوارڈ، فاٹا، پاٹا، بجٹ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی میثاق جمہوریت کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور اپوزیشن وفد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں فاٹا، پاٹا، این ایف سی ایوارڈ، بجٹ اور تمباکو پر مجوزہ ٹیکس سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت نے پی ٹی آئی کو ڈائیلاگ کی پیش کش کر دی۔وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان امیرمقام، وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ جبکہ پی ٹی آئی وفد کی قیادت اسد قیصر کر رہے تھے، اپوزیشن وفد نے ضم شدہ اضلاع پر ٹیکسوں کے نفاذ اور تمباکو پر مجوزہ ٹیکس کے حوالے سے اپنے تحفظات حکومتی وفد کے سامنے رکھے۔
اسد قیصر نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو واضح طور پر بتایا ہے کہ فاٹا میں نئے ٹیکس عائد نہیں ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات پر باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی تاہم پاکستان تحریک انصاف میثاق جمہوریت کے لیے تیار ہے کیونکہ ملک، جمہوریت اور قومی ادارے سب کے مشترکہ ہیں۔
دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی مذاکرات کی باضابطہ پیش کش کی ہے جس پر پی ٹی آئی نے مثبت جواب دیا ہے، جمہوری نظام میں تمام مسائل کا حل مذاکرات اور سیاسی مشاورت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔رانا ثنا اللہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کی گئی میثاق استحکام پاکستان کی پیش کش آج بھی موجود ہے اور حکومت ہر سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فاٹا اور پاٹا سے متعلق ٹیکس معاملات پر عالمی مالیاتی ادارہ سے بات چیت کرنے اور اپوزیشن کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔