اسلام آباد (سب نیوز): رومانیہ کے سفیر عزت مآب ڈین اسٹوئنیسکو نے یومِ یورپ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج یورپ اپنے مشترکہ اقدار، مشترکہ امیدوں اور ایک متحد مستقبل کے عزم کا جشن منا رہا ہے، جو انسانی حقوق، جمہوریت، تنوع، یکجہتی اور امن پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رومانیہ کے لیے یومِ یورپ خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ 2007 میں یورپی یونین میں شمولیت نے یورپی خاندان کے ساتھ گہرے انضمام کی جانب ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت اختیار کی، جس کے ذریعے بنیادی اصولوں سے وابستگی کی تجدید بھی کی گئی۔
رومانیہ کے سفیر نے موجودہ عالمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی مسلسل حمایت یورپ کے استحکام اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ بین الاقوامی قانون اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام کو یقینی بنانا بھی انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریہ مالدووا اور یوکرین کا یورپی یونین میں جلد انضمام ایک زیادہ مضبوط، متحد اور محفوظ یورپ کے مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈین اسٹوئنیسکو نے اس بات پر زور دیا کہ یورپ کو نہ صرف اپنے براعظم بلکہ دنیا بھر میں مشترکہ اقدار کے دفاع کے لیے ثابت قدم رہنا ہوگا، جبکہ آزادی، جمہوریت، انسانی وقار اور بین الاقوامی تعاون سے وابستگی ہی یورپ کی اصل طاقت ہے۔
آخر میں انہوں نے یومِ یورپ کے موقع پر یورپی عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔
