ہومتازہ ترینوزارت اطلاعات نے حوثیوں کیخلاف پاک فضائیہ کے طیاروں کے استعمال کی خبر کو مسترد کر دیا

وزارت اطلاعات نے حوثیوں کیخلاف پاک فضائیہ کے طیاروں کے استعمال کی خبر کو مسترد کر دیا

اسلام آباد (سب نیوز)وزارت اطلاعات و نشریات نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی حوثیوں کے خلاف پاک فضائیہ کے طیاروں کے استعمال کی خبر بے بنیاد اور جھوٹی قرار دے دی۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کو مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیارے یمن میں حوثی اہداف کے خلاف سعودی عرب کی فوجی کارروائی میں استعمال کیے جارہے ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق حوثیوں کے خلاف پاک فضائیہ کے طیاروں کا استعمال نہیں کیا گیا، وزارت نے عالمی میڈیا کو خبردار کیا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستانی افواج کے ممکنہ استعمال یا تعیناتی سے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔وزارت اطلاعات کے مطابق نیویارک ٹائمز کی خبر مکمل طور پر جھوٹی اور بے بنیاد ہے، اگر کسی مرحلے پر پاکستانی افواج کی مزید تعیناتی یا کسی فوجی کارروائی کی ضرورت پیش آئی تو اس کی تفصیلات متعلقہ حکام خود فراہم کریں گے۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ریاض میں ہونے والے دھماکوں اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے تناظر میں دعوی کیا تھا کہ پاکستانی فضائیہ کے طیارے سعودی عرب سے حوثی اہداف کے خلاف کارروائی میں استعمال کیے جارہے ہیں۔رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف علاقوں کی جانب داغے گئے میزائلوں کو روکنے کی اطلاعات دی تھیں جبکہ حوثیوں نے سعودی دارالحکومت اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے تھے۔
تاہم ان دعوں پاکستان وزارت اطلاعات نے واضح طور پر مسترد کردیا ہے، اس لیے پاکستانی طیاروں کی حوثیوں کے خلاف کارروائی میں شرکت کو فی الحال مصدقہ خبر کے طور پر بیان نہیں کیا جاسکتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔