اسلام آباد:(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان جدت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کو ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی استحکام اور عالمی سطح پر پہچان کی طرف لے جانے کی بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ڈبلیو ایس کلاؤڈ کلبز اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے اشتراک سے آئی سی سی آئی آڈیٹوریم میں منعقدہ ’’اے ڈبلیو ایس اسٹوڈنٹ کمیونٹی ڈے اسلام آباد‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
طلباء، فیکلٹی ممبران اور آئی ٹی پروفیشنلز سے خطاب کرتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ نوجوانوں کا جوش اور ٹیلنٹ پاکستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا تیزی سے کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سے چلنے والی معیشتوں کی طرف بڑھ رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو محض صارف کے بجائے ٹیکنالوجی کا خالق اور برآمد کنندہ بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اکیڈمیا اور انڈسٹری کے روابط کو مضبوط بنانے پر پختہ یقین رکھتا ہے اور نوجوانوں پر مرکوز اقدامات، اسٹارٹ اپس اور پلیٹ فارمز کی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ AWS سٹوڈنٹ کمیونٹی ڈے جیسی تقریبات ، طلباء میں جدت طرازی، انٹرپرینیورشپ اور ہنر مندی کی حوصلہ افزائی کی حوصلہ کرتے ھیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بڑا سوچیں، جرات مندی سے اختراع کریں اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
سردار طاہر محمود نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا جن میں سردار حذیفہ، کیپٹن سٹوڈنٹس کمیونٹی ، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، چوہدری محمد جاوید اقبال، وائس چیئرمین کمپیوٹر ہارڈویئر ایسوسی ایشن آف پاکستان، ابرار الحق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمپیوٹر ہارڈویئر ایسوسی ایشن آف پاکستان، ڈاکٹر محمد عثمان، کنوینر آئی سی سی آئی سوفٹ ویئر ڈویلپمنٹ کمیٹی اور اعزاز محمد کنوینر آئی سی سی آئی ٹیلی کام اینڈ کمپیوٹر ہارڈویئر کمیٹی اور دیگر شامل تھے۔
قبل ازیں اعزاز محمد نے آئی سی سی آئی کی قیادت بالخصوص صدر سردار طاہر محمود کا یوتھ فوکسڈ ٹیکنالوجی ایونٹ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دیگر میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی اور بزنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیونٹی کے اراکین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
