نیویارک (آئی پی ایس )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو کھولنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کردیا ہے، جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمد ورفت کے لیے راستہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جنگ بندی کی باقی مدت کے دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمد ورفت پہلے سے طے شدہ مربوط راستے کے مطابق بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی بندرگاہوں اور بحری امور کی تنظیم کی جانب سے پہلے سے جاری کردہ اعلان کے مطابق کیا گیا ہے، جس کے تحت سمندری نقل و حمل کو محفوظ اور منظم طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے پاکستان بھرپور سفارتکاری کررہا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور بھی پاکستان میں ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں، اور معاہدے پر دستخط کے لیے میں بھی اسلام آباد جا سکتا ہوں۔
