اسلام آباد (سب نیوز )صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ایران کے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلنے سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان روشن ہو گیا، تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان سمیت درآمدی معیشتوں کو بڑا ریلیف ملے گا، خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور تجارتی راستوں کی بحالی انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے، حکومت عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام اور کاروباری طبقے تک منتقل کرے۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی سپلائی کا اہم راستہ ہے اور اس کی بحالی سے خام تیل کی ترسیل معمول پر آئے گی، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے درآمدی ممالک کے لیے یہ پیش رفت انتہائی اہم ہے کیونکہ تیل قیمتوں میں کمی سے درآمدی بل کم ہوگا،
زرمبادلہ کے ذخائر پر دبا کم پڑے گا اور مہنگائی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ توانائی لاگت میں کمی سے صنعتی پیداوار، ٹرانسپورٹ، زراعت اور برآمدی شعبہ بھی فائدہ اٹھائے گا۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام اور کاروباری طبقے تک پہنچایا جائے تاکہ معیشت میں بہتری آئے اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رہے گا اور تجارتی سرگرمیاں مزید مستحکم ہوں گی۔
