اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہا۔ سفیر نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور بھرپور ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار پرمبارکباد دی۔
سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت اور سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے پاکستان کا عالمی مقام مستحکم ہوا ہے اور خطے اور دنیا میں امن کے فروغ میں مدد ملی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون شامل ہیں، پر تبادلہ خیال کیا۔سفیر نے ایتھوپیا کی وسیع استعدادپر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ملک کی آبادی تقریبا 13 کروڑ ہے اور اس کے مختلف اقتصادی شعبے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے زراعت، مشرقِ وسطی کو لائیو اسٹاک کی برآمدات اور ہائیڈرو پاور کے شعبے میں ایتھوپیا کی مضبوط پوزیشن کو اجاگر کیا جہاں کم لاگت بجلی دستیاب ہے۔ سفیر نے ایتھوپین ایئرلائنز کی کامیابی کا بھی ذکر کیا جو دنیا کی صفِ اول کی ایئرلائنز میں شمار ہوتی ہے اور اس وقت کراچی سے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ کارگو سروسز میں مزید توسیع پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ایتھوپیا کی ثقافتی تنوع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور ایتھوپیا کی ثقافت میں نمایاں مماثلت پائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کافی ایتھوپیا کی اہم برآمدات میں شامل ہے اور پاکستان کو ایتھوپیا کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے تحت مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں زراعت، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے کردار، سرمایہ کاروں کی سہولت کاری، خصوصی اقتصادی زونز اور ٹیکس مراعات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے جاری ریگولیٹری اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔ فریقین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہو رہا ہے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سفیر نے وفاقی وزیر کو ایتھوپیا کے دورے کی دعوت دی جسے خوش دلی سے قبول کیا گیا۔وفاقی وزیر نے بھی سفیر کو اپنے حلقہ انتخاب چنیوٹ کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ پنجاب کی ثقافت، تاریخی ورثہ اور لکڑی کے مشہور ہنر کو قریب سے دیکھ سکیں۔ ملاقات میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سینئر افسران، بشمول ڈائریکٹر جنرل محمود توفیق بھی موجود تھے۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی شراکت داری کو مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
