کراچی (آئی پی ایس )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈیز کی ٹیم 6 میچز کھیلنے کے باوجود اب تک فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز بنا سکی۔ سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے۔حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آصف محمود اور گلین میکسویل کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد نے 122 رنز کا آسان ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔کپتان مارنس لبوشین، کوشل پریرا اور عرفان خان نیازی نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
راولپنڈی کی جانب سے آصف آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بین سیئرز، محمد عامر اور سعد مسعود ایک، ایک وکٹ لے سکے۔میچ کے دوران پی ایس ایل 11 کا پنک ڈے بھی منایا گیا، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پنک کیپس اور ربنز پہن کر شرکت کی۔ کمنٹیٹرز اور پریزنٹرز بھی پنک شرٹس میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا حصہ بنے۔
