ہومپاکستاناینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ قتل کیس، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

اینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ قتل کیس، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

راولپنڈی(سب نیوز) مبینہ قتل ہونے والی ٹی وی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے شوہر احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر اس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا جو بدھ کو لاہور میں ہو گا جبکہ رپورٹ ہفتے کو ملنے کی توقع ہے۔دو روز قبل ربیعہ احسن کی لاش راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر گلشن آباد میں گھر کے اندر سے ملی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر کے خلاف مبینہ قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس نے ملزم احسن طاہر سے 30 بور پستول بھی برآمد کیا، جس کا وہ لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کر سکے۔
دوسری جانب ملزم کو آج ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے ملزم کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے چار روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو 13 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی طلب کرلی۔ ملزم کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ پولیس نے سماعت کے بعد ملزم کو دوبارہ اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق احسن طاہر نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے مذاق میں مقامی ساختہ پستول ربیعہ کی طرف کر کے اس کا چیمبر لوڈ کیا، جس کے بعد گولی چل گئی جو ربیعہ کی گردن میں لگی۔ واقعے کے وقت گھر کا ملازم بھی کمرے میں موجود تھا، جبکہ فائرنگ سے قبل میاں بیوی کے درمیان کسی جھگڑے کی اطلاع نہیں ملی۔مقتولہ ربیعہ احسن کے اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ آگے نہ بڑھانے کا عندیہ بھی سامنے آیا ہے۔ ربیعہ کی بہن علینہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خاندان مقدمہ واپس لینے کے حق میں ہے اور ان کے مطابق ربیعہ کی موت سو فیصد حادثاتی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا مقدمہ محض اہل خانہ کی درخواست پر واپس نہیں لیا جاسکتا۔ ملزم کو معاف کرنے یا صلح کی صورت میں معاملہ قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرنا ہو گا۔ تاہم غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الگ مقدمہ بھی جاری رکھا جائے گا اور اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کیے جانے کے باوجود اسلحہ کیس میں چالان عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔