ہومتازہ ترینپاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا، وزیراعظم

پاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا، وزیراعظم

میانوالی(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ 5منصوبے کا مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگ میل عبور کرنا باعث فخر ہے، پاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔
چشمہ فائیو منصوبے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ 5 پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے اور ملک کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا، جس کی تعمیر میں چین نے پاکستان کی مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کی ضمانت ہے۔ توانائی کا تحفظ عوام اور معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی ہماری ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام ہے۔ مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فیلڈ مارشل کی متحرک قیادت میں مسلح افواج نے معرکہ حق میں جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔شہباز شریف نے معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حمایت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔پاکستان اور چین کی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکر گزار ہے۔ چینی انجینئرز نے پاکستانی ماہرین کے شانہ بشانہ کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چشمہ فائیو منصوبہ معاشی مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔ میانوالی کے عوام نے اس عظیم منصوبے کی فراخدلی سے میزبانی کی، چشمہ پاکستان اور میانوالی کے عوام کا فخر ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے خوابوں کے مطابق معاشی طور پر مضبوط اور خودمختار پاکستان تعمیر کرنا ہے۔ پاکستان کو خوشحال، پرامن اور مضبوط ملک بنانا ہمارا مشترکہ عزم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔