جدہ (سب نیوز )ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں شیڈول ایشین کپ 2027 کے لیے گروپوں کی تقسیم اور قرعہ اندازی کی تقریب اب 9 مئی کو ریاض میں منعقد کی جائے گی۔اس سے قبل یہ قرعہ اندازی 11 اپریل کو ہونا تھی، تاہم مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی عدم استحکام کے باعث کھیلوں کے کیلنڈر میں آنے والی رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
اے ایف سی کے مطابق یہ فیصلہ تمام رکن ممالک اور شراکت داروں کی مکمل شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ خطے میں جاری کشیدگی، خصوصا ایران پر حالیہ فضائی حملوں کے بعد فضائی حدود کی بندش اور سفری پابندیوں کی وجہ سے لاجسٹک مسائل پیدا ہوئے تھے۔
قرعہ اندازی کی یہ اہم تقریب الدریہ کے تاریخی ضلع الطریف میں منعقد ہوگی، جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔ اے ایف سی نے واضح کیا کہ میزبان ملک سعودی عرب اور دیگر متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مشاورت کے بعد نئی تاریخ کا انتخاب منصفانہ اور مستحکم انداز میں ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
سعودی عرب پہلی بار اس براعظمی چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں ایشیا بھر سے 24 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ آئندہ سال 7 جنوری سے 5 فروری تک جاری رہے گا، جس میں ایشیائی فٹ بال کا تاج جیتنے کے لیے ایک ماہ تک سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ٹورنامنٹ کے لیے 24 میں سے 23 ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں، جنہیں قرعہ اندازی کے ذریعے چار چار ٹیموں کے چھ گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ آخری ٹیم کا فیصلہ 4 جون کو لبنان اور یمن کے درمیان ہونے والے پلے آف میچ کے ذریعے ہوگا۔
دفاعی چیمپیئن قطر کے ساتھ ساتھ 4 بار کی فاتح جاپان، جنوبی کوریا، ایران، اردن، آسٹریلیا اور ازبکستان جیسے بڑے نام پہلے ہی فائنلز میں جگہ بنا چکے ہیں اور انہیں ٹائٹل کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ٹورنامنٹ کی تیاریاں مکمل طور پر ٹریک پر ہیں اور تمام انتظامات تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
