Monday, April 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزمذاکرات میں ناکامی:ٹرمپ ایران کے خلاف محدود فضائی کارروائیوں پر غور کررہے ہیں، امریکی میڈیا

مذاکرات میں ناکامی:ٹرمپ ایران کے خلاف محدود فضائی کارروائیوں پر غور کررہے ہیں، امریکی میڈیا

واشنگٹن(آئی پی ایس ) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے قریبی مشیران ایران کے خلاف دوبارہ محدود فوجی کارروائیاں شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جاری رکھنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ممکنہ اقدامات اس وقت زیر غور آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ ذرائع کے مطابق ان اقدامات کو مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کے ایک طریقے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ ایران پر دبا بڑھایا جا سکے۔

اخبار کے مطابق صورتحال سے آگاہ افراد کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس مکمل فضائی بمباری کی مہم دوبارہ شروع کرنے کا اختیار بھی موجود ہے، تاہم اس آپشن کو کم ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ اس سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹرمپ طویل المدتی جنگوں سے گریز کی پالیسی رکھتے ہیں۔

مزید برآں ایک اور ممکنہ آپشن کے طور پر محدود مدت کی ناکہ بندی پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ امریکا اپنے اتحادی ممالک پر بھی دبا ڈال سکتا ہے کہ وہ مستقبل میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی سیکیورٹی کے لیے طویل المدتی فوجی مشن کی ذمہ داری سنبھالیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ اقدامات عملی شکل اختیار کرتے ہیں تو اس کے عالمی معیشت، خاص طور پر تیل کی سپلائی اور توانائی کی منڈیوں پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔