اسلام آباد (سب نیوز، آئی پی ایس )صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام نے فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی پرحکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی شفاف اور بروقت نیلامی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے اہم قدم ثابت ہوگی، فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں جدت آئے گی ،ٹیکنالوجی پاکستان میں انٹر نیٹ کی سپیڈ اور اس سے منسلک کاروبار کی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی ۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی پاکستان کی ترقی کرتی فری لانسنگ انڈسٹری کیلئے بھی انتہائی اہم ہے،فائیو جی ٹیکنالوجی سے صنعت، تجارت، ای کامرس سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونگے، ملک میں فائیو جی انٹرنیٹ کی فراہمی ای کامرس سمیت دیگر بزنسز کیلئے نادر موقع ثابت ہو سکتی ہے ، اس ٹیکنالوجی کی موثر فراہمی کیلئے زیادہ تعداد میں ٹاورز اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے، حکومت فائیو جی ٹیکنالوجی کی ملک کے طول و عرض میں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ فائیو جی آمدہ سالوں میں معیشت، صنعت، تعلیم، صحت سمیت زندگی کے تقریبا ہر شعبے کو بدل سکتی ہے، فائیو جی ٹیکنالوجی کا آغاز تیز رفتار، موثر رابطہ اور معلومات جیسے ڈیجیٹل دور کی طرف اہم قدم ہے، عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بننے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا ، فائیو جی اس میں سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے، ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی کامیاب نیلامی سے ٹیلی کام کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی ملے گی ، فائیو جی ٹیکنالوجی سے صنعتی پیداوار، اسمارٹ سٹیز، ڈیجیٹل بینکنگ ا،آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید مضبوط ہوگا، حکومت اور پی ٹی اے فائیو جی کے نفاذ کیلئے پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک کو بزنس کمیونٹی کیلئے سازگار بنائیں۔
