اسلام آباد: ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازت دینے کی تقریب جاری ہے۔
ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والے تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مختلف سول و عسکری شخصیات شریک ہیں۔
تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مشیر برائے وزیراعظم رانا ثناء اللہ کو نشان امتیاز سے نوازا۔
دوران تقریب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشان امتیاز عطاء کیا گیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکہ حق کے دوران انتہائی مشکل وقت میں جنگ کی قیادت کی لازوال جرات، جنگی مہارت اور غیر متزلزل حب الوطنی کے اعتراف میں ہلال جرأت سے نوازا گیا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے پر نشان امتیاز عطا کیا گیا، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلال جرأت سے نوازا گیا، انہوں نے فضائی جنگ میں دشمن کی برتری کو خاک میں ملایا۔

