Tuesday, March 3, 2026
ہومتازہ ترینپاکستانی نژاد دردانہ انصاری برٹش رائل نیوی میں کیپٹن بننے والی پہلی مسلمان بن گئیں

پاکستانی نژاد دردانہ انصاری برٹش رائل نیوی میں کیپٹن بننے والی پہلی مسلمان بن گئیں

لندن (آئی پی ایس )پاکستانی نژاد خاتون دردانہ انصاری نے برٹش رائل نیوی کی کیپٹن بن کر دنیا کی پہلی مسلمان اور پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا، دردانہ انصاری مسلم دنیا کی پہلی خاتون ہیں جن کو ملکہ برطانیہ نے رائل نیوی میں کیپٹن مقرر کیا ہے۔گلوکار عاصم اظہر نے دردانہ انصاری کے اعزازی کپتان بننے پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔عاصم اظہر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے خاندان کے لیے آج اعزاز اور فخر کا مقام ہے کہ ان کی خالہ برطانوی رائل کمیشن میں کپتان بن گئیں۔گلوکار کے مطابق ان کی خالہ نہ صرف پہلی پاکستانی بلکہ پہلی مسلم خاتون بھی ہیں جو رائل کمیشن کی کپتان بنی ہیں۔واضح رہے کہ رائل نیوی میں کیپٹن انتہائی سینئر عہدہ ہے، یہ عہدہ کمانڈر سے اوپر اور کموڈور سے نیچے ہے۔ رائل نیوی کا کیپٹن برطانوی آرمی کے کرنل اور شاہی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کے برابر عہدے کا حامل ہوتا ہے۔ملکہ برطانیہ نے خود دردانہ انصاری کی رائل نیوی میں بطور کیپٹن تعیناتی کی منظوری دی ہے۔دردانہ انصاری 16سال کی عمر میں پاکستان سے برطانیہ آئیں اور تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف فلاحی کاموں میں بھی بھرپور حصہ لینا شروع کردیا۔دردانہ انصاری ایک انٹر پرینیر اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سماجی کارکن ہیں۔ 2012 میں انہیں مسلمان خواتین کی ترقی کے لیے پروگرام تشکیل دینے پر برطانیہ کی جانب سے آرڈر آف دی برٹش امپائر(او بی ای) سے نوازا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔