اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج جتنی بڑی تعداد میں پاکستان کے اصلی عوام شاہراہ دستور پر اس عمارت (سپریم کورٹ) کے باہر موجود ہیں، جو اصلی عوام کا ٹھاٹے مارتا سمندر موجود ہے تو میں عمر عطا بندیال صاحب سے پوچھتی ہوں کہ عوام کے اس سمندر کو دیکھ کر خوشی ہوئی یا نہیں ہوئی۔
پیر کو پی ڈی ایم کے دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب حقیقی اور اصل عوام ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں نکلتے ہیں تو پتہ تک نہیں ہلتا، گملا نہیں ٹوٹتا، کوئی پتھر نہیں برساتا۔ عمر عطا بندیال صاحب آئیں اور دیکھے یہ ہیں پاکستان کے اصل عوام۔
یہ قوم آپ سے سوال پوچھنے آئی ہے۔ ہم اس عمارت کا احترام کرتے ہیں، ہم پاکستان کے آئین کا احترام کرنے والے لوگ ہیں، آئین کو بنانے والے لوگ ہیں۔ ہم یہاں آج آ کر احتجاج نہیں کرنا چاہتے تھے مگر یقین جانیں پاکستان کی بہتری بھی اسی عمارت سے پھوٹتی ہے اور پاکستان کی تباہی بھی انہی کے فیصلوں سے پھوٹتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں پی ڈی ایم کے کارکنوں سے کہنا چاہتی ہوں، پاکستان کے عوام سے کہنا چاہتی ہوں اورمعزز ججوں سے بھی کہنا چاہتی ہوں کہ ہم ججز، عدلیہ اور قانون کا احترام کرتے ہیں۔ ہم آج ان ججز کی بات نہیں کریں گے جو آئین اور قانون پر چلنے والے جج ہیں۔ آج اگر بات ہو گی تو عمران خان کی سہولت کرنے والے عمرانداروں کی ہو گی۔
