بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار علاقائی امن کیلئے پر عزم ہے، عالمی معاہدوں پر ان کے روح کے مطابق مکمل عملدرآمد ضروری ہے، پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخی اجلاس میں شریک ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن و استحکام کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے، ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے، عالمی منظرنامہ بڑھتی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے، ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے اجتماعی عزم کی علامت ہے، پاکستان تنازعات کے پر امن حل اور بین الاقوامی قانون پر یقین رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کیلئے موثر کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کا حامی ہے، عالمی اداروں کو اعلانات کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا، غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابلِ تصور مصائب کا باعث ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرے، جنوبی ایشیا پائیدار امن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، عالمی معاہدوں پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عمل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی خطے کو درپیش سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کو 150 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، دہشت گردوں کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دی جا سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او خطے میں 3 ارب سے زائد افراد آباد ہیں، پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، علاقائی رابطہ کاری اب انتخاب نہیں بلکہ تزویراتی ضرورت ہے، سی پیک علاقائی معیشتوں کو بحیرہ عرب سے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان علاقائی ریل، سڑک اور توانائی منصوبوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او کی ترقیاتی حکمت عملی 2035 پر عملدرآمد ضروری ہے، ایس سی او ترقیاتی بینک کا قیام اہم قدم ثابت ہوگا، پاکستان غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے کردار جاری رکھے گا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ میں توانائی، آئی ٹی، صحت، ثقافت، کھیل کو بھی ترجیح دی جائے گی، ایس سی او میں مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر اور گورننس فریم ورک کی تجویز دیں گے۔
