اسلام آباد (سب نیوز)چین نے اسلام آباد میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے 3 ارب روپے مالیت کی 21 جدید فائر اور ریسکیو گاڑیاں دینے کا اعلان کردیا ہے۔
چینی سفارتخانے کے مطابق جدید گاڑیوں کا بیڑا رواں ماہ اسلام آباد پہنچے گا، جس میں 88 میٹر بلند عمارتوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے خصوصی گاڑی بھی شامل ہے۔چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ جدید گاڑیوں سے دارالحکومت میں ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بلند عمارتوں میں امدادی کارروائیوں کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
چینی سفارتخانے نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان اور چین کے ہر موسم میں قائم رہنے والے تزویراتی تعاون اور دونوں ممالک کی جانب سے عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔چین کی جانب سے فائر اور ریسکیو گاڑیوں کا اعلان اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے زچہ و بچہ اسپتال کے نومولود بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
چین اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں میں ہنگامی امداد، سلامتی اور دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
چین کا ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کیلئے پاکستان کو 21فائر اور ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
