ہومپاکستانپاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کے مرہون منت ہے،سعدیہ دانش

پاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کے مرہون منت ہے،سعدیہ دانش

گلگت(آئی پی ایس) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات و رکن اسمبلی سعدیہ دانش نے پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت پیپلز پارٹی کے مرہون منت ہے۔

پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جسکی بنیاد جمہوری طور پر رکھی گئی یہی وجہ ہے کہ قیادت کی شہادت اور ہزاروں کارکنوں کی قربانیوں اور بدترین مظالم کے باوجود نصف صدی بعد بھی اسکے خاتمے کا خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ پیپلز پارٹی کی بنیاد میں عوامی خدمت اور پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی شامل ہے۔آمریت کی نرسری میں پیدا کی جانی والی جماعتوں کو مینڈیٹ چرا کر اقتدار تو دیا گیا مگر ملکی ترقی کا خواب آج تک ادھورا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 30 نومبر پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک نہایت اہم دن ہے جب اس ملک کی پہلی عوامی,جمہوری جماعت کی بنیاد رکھی گئی۔

آج کا دن نہ صرف پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے بلکہ یوم جمہوریت بھی ہے۔ذوالفقار علی بھٹو شہید نے مزدوروں,کسانوں,محنت کشوں اور پسے ہوئے طبقات کی مشکلات کا اندازہ کیا اور انکی نمائندگی کرنے کے لئے ایک عوامی جماعت کی بنیاد رکھی۔تاکہ ان طبقات کی آواز طاقت کے ایوانوں میں پہنچ سکے۔پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے صحیح معنوں میں کسانوں,محنت کشوں اور مزدوروں کی نہ صرف نمائندگی کی ہے بلکہ ان طبقات کو حتیٰ المقدور حقوق دینے کے حوالے سے عملی اقدامات بھی کئے ہیں۔پیپلز پارٹی کا منشور روٹی,کپڑا اور مکان بنیادی طور پر غریب عوام کا منشور ہے اور پیپلز پارٹی کو جب بھی موقع ملا ہے عوام کو روزگار دینے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔بھٹو شہید نے پاکستان کے عوام کو اپنے بنیادی حقوق کا شعور دیا اور اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے کی جرآت دی۔سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی محلے کی سطح پر لانا بھٹو شہید کا بڑا کارنامہ تھا۔ دیگر سیاسی جماعتوں نے حقوق دینے کی بجائے چھین لئے ہیں ۔

تاریخ گواہ ہے کہ گلگت بلتستان کے لئے جتنے بھی آئینی، سیاسی اور انتظامی اقدامات کئے ہیں وہ بھی پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔ تحریک انصاف نے آئینی حیثیت کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکہ دیا۔ انشاء اللہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے اور گلگت بلتستان کے عبوری آئینی صوبے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔