ہومپاکستانپاکستان اور ویتنام کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، ذکریا اکبر ضیاء

پاکستان اور ویتنام کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، ذکریا اکبر ضیاء

آئی سی سی آئی میں ویتنامی کاروباری وفد کا خیرمقدم، تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر زور

ویتنام کی پاکستانی زرعی مصنوعات، سمندری خوراک اور صنعتی شعبے میں دلچسپی

اسلام آباد: صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ذکریا اکبر ضیاء نے پاکستان اور ویتنام کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے آزاد تجارتی معاہدے (FTA)، براہ راست فضائی رابطوں، مشترکہ سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو باہمی تجارت کو اربوں ڈالر تک بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

وہ ہفتہ کو آئی سی سی آئی میں ویتنام پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی کی چیئرپرسن محترمہ لی تھی منہ تان کی قیادت میں آنے والے نو رکنی ویتنامی کاروباری وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویتنام کو گوشت، چکن، سمندری خوراک، نمک اور دیگر زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ویتنامی کمپنیوں کے ساتھ فوڈ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

محترمہ لی تھی منہ تان نے بتایا کہ تقریباً 30 ویتنامی کاروباری نمائندوں نے کراچی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی، جہاں چھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ انہوں نے پاکستانی سمندری خوراک، مویشیوں کی خوراک کے لیے مکئی، نمک، فش آئل، فش میل، ویٹرنری ادویات، صحت اور بیوٹی مصنوعات کی درآمد میں دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے پاکستان ویتنام کور ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان تجارتی رابطوں کو عملی کاروباری معاہدوں میں تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے ویتنام کے صنعتی زونز اور خصوصی اقتصادی زونز میں بڑھتی ہوئی افرادی قوت کی ضروریات کے پیش نظر پاکستانی ہنرمند کارکنوں کی تربیت اور بھرتی کے امکانات پر بھی دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے آئی سی سی آئی اور دونوں ممالک کے سفارت خانوں کے تعاون سے مشترکہ کاروباری ملاقاتوں، تجارتی نمائشوں اور بزنس میچ میکنگ پروگرامز کے انعقاد کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ 2027ء میں پاکستان اور ویتنام کے سفارتی تعلقات کی 55ویں سالگرہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین موقع ہوگی۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور ویتنامی کمپنیوں کے ساتھ دیرپا کاروباری شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر گوشت، مچھلی، مصالحہ جات، خشک میوہ جات، نمک اور ویٹرنری ادویات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تاجروں اور ویتنامی وفد کے درمیان مفید کاروباری ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

ویتنامی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری نگوین تھانہ ڈک نے گفتگو میں ترجمانی کے فرائض انجام دیے۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر چوہدری محمد نعمان نے اپنے اختتامی کلمات میں اجلاس کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ رابطے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران محمد خورشید، مظہر حسین، فواد سہگل، شاہد عباسی اور متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔