اسلام آباد (آئی پی ایس )سپریم کورٹ نے مقدمات میں غیرضروری التوا اورتاخیر سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آخری موقع دینے کے باوجود شہادت پیش نہ کرنے پر ٹرائل کورٹ مقدمہ نمٹا سکتی ہے۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پرمشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلے میں کہاکہ مقدمات میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدلیہ پر عائد نہیں کی جاسکتی، فریقین اور وکلا بھی اس کے ذمہ دار ہیں،بار بار التوا کی درخواستیں اور شہادت پیش نہ کرنا عدالتی کارروائی میں تاخیر کی بڑی وجوہات ہیں۔
وکلا کی ذمہ داری ہے کہ مقررہ وقت میں اپنے مکل کے گواہ اور شہادت عدالت میں پیش کریں،پیشہ ورانہ غفلت سے موکل کو نقصان پہنچنے پر وکیل کے خلاف تادیبی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ مقدمات کے فیصلوں کے لیے غیر معینہ مدت تک گواہوں اور شہادت کا انتظار نہیں کیا جاسکتا، غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانے والے فریق کو مزید مہلت کا حق نہیں۔
سپریم کورٹ نے قراردیا کہ محض دعوے اور تحریری بیانات شہادت کا متبادل نہیں،مقف کو قابل قبول شہادت سے ثابت کرنا ضروری ہے، عدالتوں کو مقدمات جلد نمٹانے کے لیے موثر کیس مینجمنٹ سسٹم اپنانا چاہیے، متعدد وکلا کی خدمات حاصل ہونے کی صورت میں کسی ایک وکیل کی عدم دستیابی پر مقدمہ ملتوی نہیں ہونا چاہیے۔ فیصلے میں کہاگیاکہ انصاف ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو اپنے حقوق کے لیے بروقت اقدام کرتے ہیں، غفلت برتنے والوں کو رعایت نہیں دی جاسکتی،عدالت نے محمد اقبال سلیمی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر سول درخواست مسترد کردی۔
