اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان کی تھائی لینڈ میں سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا واجیرالونگ کورن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔ سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے ایمفورن رائل پیلس میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران بادشاہ کو سفارتی اسناد پیش کیں۔
اس موقع پر تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیدا بھی موجود تھیں۔ سعدیہ الطاف قاضی نے اس اہم سفارتی اعزاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تھائی لینڈ کے بادشاہ کو ملکہ کی موجودگی میں اسناد پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے تھائی لینڈ کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلقات کی سربلندی کی دعا کی۔ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔
