اسلام آباد(سب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ عمران خان اب بھی لاڈلے کے مرتبے پر فائز ہیں۔ایک شخص پورے ملک کا تماشہ بنا رہا ہے لیکن ادارے خاموش ہیں۔عمران خان کیلئے ایک قانون اور باقی پاکستا ن کیلئے الگ ضابطے ہیں۔
جاری کردہ ایک بیان میں ترجمان اے این پی زاہد خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان اور تحریک انصاف کی چوری پکڑی جاچکی ہے۔ عمران خان کی جگہ اگر کوئی اور ہوتا تو اب تک نااہل ہوچکا ہوتا لیکن وہ اب بھی ناصرف آزاد گھوم رہا ہے بلکہ عدلیہ سمیت دیگر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کررہا ہے۔ خاتون جج کو کھلے عام دھمکیاں دی گئیں لیکن پھر بھی اس کو محفوظ راستہ فراہم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک منتخب پشتون ایم این اے علی وزير پچھلے دو سالوں سے جیل میں بند ہیں۔
دوسری جانب اداروں کے اندر تصادم پیدا کرنے کی سازش میں ملوث شہباز گل کی ضمانت منظور بھی ہوگئی ہے۔ تفریق پر مبنی اس طرح کے اقدامات ملک کو مزید تقسیم کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ پختونوں کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ ڈومیسائل کا فرق اب بھی وجود رکھتا ہے۔ یہ رويے ختم کرنے ہوں گے اور آئین و قانون سب کیلئے یکساں بنانا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ تحریک انصاف پختونخوا میں ضمنی انتخابات کیلئے سرکاری وسائل کا ناجائز استعمال کررہی ہے۔ سرکاری خزانے سے عمران خان کی انتخابی مہم کیلئے جلسے کئےجارہے ہیں۔
پختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ایک مسترد شخص کی سواری بنا دیا گیا ہے۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا ناجائز اور بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے لیکن الیکشن کمیشن تماشہ دیکھ رہی ہے۔ اے این پی مطالبہ کرتی ہے کہ ناصرف انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے بلکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی آئین اور قانون کی عملداری اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے کبھی عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ جب تک پارلیمان کو خودمختار اور آئین کو بالادست نہیں سمجھا جاتا، ترقی اور خوشحالی ایک خواب رہے گا۔
