فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر 41 پروازوں کے ذریعے اب تک 11770 عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں
۔ 16 جون تک مزید 21 پروازوں کے ذریعے عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ پاکستان ہائوس مدینہ منورہ میں قائم میڈیا سیل کی طرف سے فراہم کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق مدینہ منورہ میں مجموعی طور پر 30 افراد پر مشتمل سییزنل سٹاف، میڈیکل مشن اور معاونین حجاج خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ مزید 10 معاونین بھی پیر 13 جون کی شام تک مدینہ منورہ پہنچ جائیں گے ۔ یہ معاونین مدینہ کے ہوائی اڈے پر عازمین کا خیر مقدم کرکے انہیں رہائشی عمارتوں تک پہنچاتے ہیں اسی طرح حرم نبوی کے قریب مرکزیہ میں 300 میٹرز کے اندر حاصل کی گئی 19 رہائشی عمارات میں بھی 24 گھنٹے یہ معانین اور سیزنل سٹاف حاجیوں کی خدمت کے لئیتعینات کئے گئے ہیں ۔ پاکستان ہائوس میں قائم میڈیا سیل کے حکام کے مطابق رواں سال مقامی معاونین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ 200 کے قریب مذہبی امور کے ملازمین بطور سیزنل سٹاف حج 2022 کے موقع پر پاکستانی حاجیوں کے لئے مدینہ منورہ، مکہ معظمہ اور جدہ میں خدمات سر انجام دے گا ۔ حاجیوں کی ٹرانسپورٹ کے لئے جدید لگژری بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ مجموعی طور پر عازمین نے کھانے پینے ، ٹراسپورٹ اور رہائش سمیت دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ جو عازمین براہ راست مدینہ پہنچنے ہیں وہ 8 روزہ قیام کے بعد مکہ روانہ ہونگے ۔ عازمین کی مدینہ سے مکہ روانگی کا عمل 14 جون منگل سے شروع ہوگا ۔ پاکستان ہائوس مدینہ منورہ میں کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا گیا ہے جہاں عازمین کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے دن رات خدمات سر انجام دینے والا عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔
