ہومپاکستانپی ٹی آئی کا ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کی ۔اجلاس میں مینارِ پاکستان میں منعقد ہونے والے کل کے تاریخی اجتماعِ عام کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔

ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصا حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف نے بڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا،غیر یقینی کی صورتحال اور امپورٹڈ حکومت کے ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے، قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے، قوم اس وقت بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں، جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا، انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں، عمران خان نے کہا کہ مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔