وفاقی ترقیاتی ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ کے روز ایف نائن پارک میں واقع آرٹ گیلری میں ملک کی نامور مصورہ شبانہ منظور کے فن پاروں کی نمائش منعقد کی گئی۔
نمائش کا افتتاح سی ڈی اے کے ممبر فنانس نے کیا۔اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن سمیت ملک کے نامور مصوروں اور فنکاروں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ ممبر فنانس سی ڈی اے رانا شکیل اصغر نے اس موقع پر کہا کہ یہ آرٹ گیلری خواتین اور نوجوانوں کے لئے ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں سے وہ ملک پاکستان کی ثقافت اور تہذیب وتمدن کو آنے والی نسل بالخصوص دوسرے ممالک میں رہنے والوں تک منتقل کرسکیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اس آرٹ گیلری میں فن پاروں کی یہ دوسری نمائش منعقد کی گئی ہے جبکہ سی ڈی اے انتظامیہ مستقبل میں بھی ایسی نمائشوں کا انعقاد کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شہر صرف شاہراہوں، پارکس یا سٹریٹ لائٹس کی تعمیر و مرمت سے نہیں بنتا بلکہ اسکی اپنی ایک کلچر، تہزیب و تمدن اور رہن سہن کی الگ پہچان ہوتی ہے اور کوئی بھی معاشرہ کلچر پہچان کے بغیر اپنا مقام حاصل نہیں کرسکتا۔
سی ڈی اے کے ممبر فنانس کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ایک خوبصورت شہر ہونے کے ساتھ ساتھ تہزیب و تمدن، اور کلچر کے لحاظ سے بھی اپنی ایک الگ اور منفرد پہچان رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹ اینڈ کلچر کو اجاگر کرنے میں زیادہ اہم کردار ہماری آرٹسٹ کمیونٹی کا ہے اور اسی نظریے کے تحت اس عمارت کی تزئین و آرائش کی گئی تاکہ آرٹ اینڈ کلچر سمیت فن کی اہمیت کو پرموٹ کیا جاسکے۔
