اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے جامع رپورٹ مرتب کر لی ہے جبکہ گریڈ 17 سے اوپر کے سرکاری افسران کے اثاثے ظاہر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی اصلاحات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر قانون نے بتایا کہ وزیراعظم نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت وزارت قانون و انصاف نے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنرایبلٹیز کے تحت ایک جامع رپورٹ تیار کی ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ یہ رپورٹ کسی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ اس کا مقصد خود احتسابی کے ذریعے وفاقی اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس جائزے میں 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا، جن میں سے 10 اداروں کے بارے میں تفصیلی انڈیکیٹرز مرتب کیے گئے اور 300 سے زیادہ انڈیکیٹرز کی بنیاد پر ان کی کارکردگی، مالیاتی نظام اور انتظامی کمزوریوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔وزیر قانون کے مطابق اس عمل میں آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے ڈیٹا اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔رپورٹ سے ایسے 10 اداروں کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں بہتر گورننس کی اشد ضرورت ہے، جبکہ بدعنوانی کے تدارک کے لیے جامع اقدامات کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ عالمی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی اور صوبے بھی اس طریق کار سے استفادہ کر سکیں گے۔
غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے حوالے سے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے رائٹ سائزنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کر کے اس کے ملازمین کے لیے پیکیج فائنل کر لیا گیا ہے، جبکہ پاسکو کی بندش کا عمل بھی جاری ہے اور اس کے متبادل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ حکومت کی جانب سے متوسط طبقے کو چھت فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے۔مجموعی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ اب تک 400 سے زیادہ اصلاحاتی اقدامات کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 159 اقدامات آئندہ 5 سالوں میں مکمل کیے جائیں گے۔
معاشی اور ٹیکس اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ ریاستیں قرض اور بیرونی امداد کے بجائے اپنے محصولات سے چلتی ہیں، اس لیے ٹیکس نظام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جس کے نتیجے میں 4 سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 4 ہزار ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اعظم نذیر تارڑ کے مطابق ملکی ٹیکس وصولیوں کا مجموعی حجم 9400 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے 13 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔مزید برآں کسٹمز میں شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے فیس لیس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور ٹیکس ٹریبونلز میں تقرریوں کا عمل بھی مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا گیا ہے۔
حکومتی امور میں شفافیت لانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر قانون نے بتایا کہ وفاقی حکومت مکمل طور پر پیپر لیس نظام پر منتقل ہو چکی ہے اور تمام سرکاری امور ای آفس کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کاغذی کارروائی، انسانی صوابدید اور نقد لین دین کے نظام کو کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں)میں بجلی چوری کی شکایات کے تدارک کے لیے اقدامات کیے گئے جبکہ موٹر ویز پر بھی جدید ٹول سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔اسی طرح بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)میں ڈیجیٹل وائلٹ متعارف کروا دیا گیا ہے، جس کے باعث ماضی میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر لگنے والی لمبی قطاروں کا خاتمہ ہوا ہے اور اب مستحقین باعزت طریقے سے ڈیجیٹل وائلٹ استعمال کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے، جس کے تحت سرکاری خریداریوں میں شفافیت لانے کے لیے ای پیڈز کے ذریعے نگرانی کا عمل مزید مضبوط بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے حکومتی اصلاحاتی پیکیج کے خدوخال بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ شفافیت، میرٹ اور اچھی حکمرانی کے لیے وزیراعظم کا عزم اس جامع اصلاحاتی پیکیج کی اصل بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت محض دعوں کے بجائے اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے عملی خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے۔اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد کی پیشرفت کو وقتا فوقتا عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ حکومتی کارکردگی میں مکمل شفافیت برقرار رہے۔
اصلاحاتی پیکیج کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر قانون نے انکشاف کیا کہ اس پیکیج میں 91 ایسے اصلاحاتی اقدامات شامل ہیں جو طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مشتمل ہیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب ہر متعلقہ ادارے کو مقررہ اہداف اور طے شدہ مدت کے مطابق اصلاحاتی پیکیج پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں کا واضح تعین اور نگرانی کا ایک مثر نظام اس اصلاحاتی پیکیج کا لازمی حصہ ہے، جس سے محکموں کے درمیان ابہام ختم ہوگا اور جوابدہی کا عمل تیز ہوگا۔سرکاری فنڈز کے درست استعمال اور ٹھیکوں میں بدعنوانی کے خاتمے کے حوالے سے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ سرکاری خریداریوں(پروکیورمنٹ) کے نظام میں مکمل شفافیت لانے کے لیے الیکٹرانک پروکیورمنٹ سسٹم ای پیڈز کے ذریعے نگرانی کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وفاقی حکومت کا خود احتسابی کا بڑا قدم، کرپشن کے خاتمے کیلئے ادارہ جاتی رپورٹ مرتب، افسران کے اثاثے ظاہر کرنے کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
