ماسکو(سب نیوز)روس نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ماریہ زخارووا نے کہا کہ اگر اسلام آباد اور کابل دونوں درخواست کریں تو ماسکو مذاکرات کے انعقاد میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان اور افغانستان کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور دونوں کے درمیان بات چیت کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے ضروری قرار دیتا ہے۔
ماریہ زخارووا نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرے معیار یا پوشیدہ ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔روسی ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے قریبی تعاون اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان کے چار ملکی مشاورتی نظام، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے رابطہ نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی تعاون کے اہم پلیٹ فارمز قرار دیا۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس علاقائی مسائل کے حل کے لیے علاقائی ممالک کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ افغانستان میں استحکام کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی اور ریاستی اداروں کی سکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔
روس کی ایک بار پھر پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
