ہومپاکستانخیبر پختونخوا میں معدنیات، پن بجلی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

خیبر پختونخوا میں معدنیات، پن بجلی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(سب نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں معدنیات، پن بجلی، سیاحت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ صوبے کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے اور پائیدار ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، ادارہ جاتی روابط اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے دورے کے موقع پر چیمبر کے عہدیداران اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے ایک خصوصی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیکیورٹی کے محاذ پر پیچھے ہٹنے کی کوئی گنجائش نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تمام ضروریات جنگی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گورنر ہاس میں ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا جو آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے گا اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق معلومات کا باقاعدہ تبادلہ یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اسلام آباد کی کاروباری برادری کے لیے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے امکانات پر ایک جامع بریفنگ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا، جس میں بالخصوص سیاحت، معدنیات، توانائی اور دیگر اہم شعبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو درپیش مسائل اور مایوسی کے خاتمے کے لیے تعلیم، فنی تربیت، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔گورنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور شفاف قوانین، جدید انفراسٹرکچر، مستقل پالیسیوں اور مثر سہولت کاری کے ذریعے صوبے کو سرمایہ کاری کے ایک بڑے مرکز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کی معاشی خصوصیات اور باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ تجارتی وفود کے تبادلوں، سرمایہ کاری کانفرنسز، بی ٹو بی ملاقاتوں اور مختلف شعبوں کی سطح پر رابطوں کی تجویز پیش کی تاکہ سرمایہ کاروں کو دستیاب کاروباری مواقع سے منسلک کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی سرمایہ کاری کے فروغ اور مثر کاروباری شراکت داریوں کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے ادارہ جاتی رابطوں کو منظم اور مثر بنانے کے لیے دو فوکل پرسنز مقرر کرنے کی تجویز بھی دی، جن میں سے ایک پشاور میں گورنر ہاس جبکہ دوسرا اسلام آباد میں آئی سی سی آئی کی جانب سے نامزد کیا جائے، تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی منصوبوں، تجارتی امکانات اور مشترکہ کاروباری منصوبوں سے متعلق معلومات کا مسلسل دوطرفہ تبادلہ جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے دونوں خطوں کی کاروباری برادری کو بروقت معلومات کی فراہمی، براہ راست روابط اور دستیاب معاشی مواقع کو عملی کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے امن، پالیسیوں کا تسلسل، سرمایہ کاروں کا اعتماد اور کاروبار دوست ماحول ناگزیر ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے امن و استحکام کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، ان کا ثمر صوبے میں زیادہ سرمایہ کاری، روزگار اور خوشحالی کی صورت میں سامنے آنا چاہیے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس، صوبائی حکام اور متعلقہ سرکاری محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری سے کاروباری ماحول کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے ضابطہ جاتی طریقہ کار آسان بنانے، منظوریوں کے عمل میں تیزی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مثر ادارہ جاتی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا تزویراتی جغرافیائی محل وقوع، قدرتی وسائل اور ہنرمند افرادی قوت معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔آئی سی سی آئی کے فونڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق نے کاروباری برادری کو درپیش عملی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بالخصوص گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل پر عائد پابندیوں اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی صوبوں کے درمیان بلا رکاوٹ نقل و حرکت کاروباری مفادات کے تحفظ، منڈیوں میں استحکام اور معاشی روابط کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔اجلاس کے دوران سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں کاروباری برادری کے نمائندوں نے تجارت میں سہولت کاری، صنعتی سرگرمیوں، کان کنی، سیاحت، سیکیورٹی، بین الصوبائی تجارت اور خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق مسائل اٹھائے اور اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سابق صدور، موجودہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، کاروباری برادری کے نمائندوں اور مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔