ہومپاکستانپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود فیول ریلیف اسکیم جاری رہے گی، وفاقی وزرا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود فیول ریلیف اسکیم جاری رہے گی، وفاقی وزرا

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیول ریلیف اسکیم جاری رکھنے کی ہدایت کردی، اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ہفتے میں ایک مرتبہ 500 روپے جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کو بھی پیٹرول پر رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ حکومت نے شفافیت اور میرٹ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ 1997 سے میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر عمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں، اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی گئیں اور امتحانات میں نقل کرانے والے مافیا کا خاتمہ کیا گیا۔عطا اللہ تارڑ نے پنجاب میں سیف سٹی منصوبے کے تحت کیمروں کی تنصیب اور فرانزک لیبارٹری کے قیام کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل رسک اسیسمنٹ کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق حکومت نے پاک پی ڈبلیو ڈی، یوٹیلیٹی اسٹورز اور پاسکو کو بند کیا، جبکہ رمضان کے دوران مستحق افراد تک امداد پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل والٹس کا نظام متعارف کرایا گیا۔عطاتارڑ کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح شفافیت ہے اور حکومتی اقدامات کی تھرڈ پارٹی سے تصدیق کا نظام اپنایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے اور پیداوار کی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ نظام چینی، تمباکو، سیمنٹ اور ٹائلز کے شعبوں میں موجود ہے، جبکہ مشروبات، ٹیکسٹائل، آئرن اینڈ اسٹیل، پیپر اینڈ بورڈ اور ہیچریوں سمیت دیگر شعبوں میں بھی اس حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ٹیکس کی کم رپورٹنگ روکنا اور ٹیکس نظام میں بہتری لانا ہے۔ اس کے ساتھ ایف بی آر کے صوابدیدی اختیارات میں کمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کسٹمز کے شعبے میں فیس لیس اپریزل کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ انکم ٹیکس کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا کی بنیاد پر آڈٹ کا طریقہ اختیار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات اور نگرانی کے اقدامات کے نتیجے میں 100 سے 150 ارب روپے تک اضافی ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں۔بلال اظہر کیانی کے مطابق ٹھیکیداروں، شہریوں، سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل رسک اسیسمنٹ رپورٹ بھی اسی روز اپ لوڈ کی جائے گی۔
بعد ازاں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مختلف امور پر حکومتی موقف کی وضاحت کی۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مشکل ترین عالمی حالات کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی اور پیٹرول پمپس پر قطاریں نہیں لگیں۔ وزیراعظم مسلسل صورت حال کی نگرانی کرتے رہے اور بروقت اقدامات کے ذریعے ملک میں ایندھن کی سپلائی برقرار رکھی گئی۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 50، 60 اور 70 روپے تک اضافہ ہو رہا تھا تو وزیراعظم نے 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو روکا۔ بعد ازاں عالمی سطح پر قیمتوں میں مزید اضافے کے باوجود حکومت نے فیول ریلیف اسکیم شروع کی، جو اب بھی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ہفتے میں ایک مرتبہ 500 روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے، جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے لیے بھی پیٹرول پر رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد بھی یہ اسکیم جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید ہدایات دی جائیں گی کہ وہ اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنائیں اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کرائیں۔حکومتی اخراجات میں کمی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے رائٹ سائزنگ کے تحت ایسے اداروں کی نشاندہی کی ہے جن کے کام ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں، ایسے اداروں کو ضم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹورز اور پی ڈبلیو ڈی کی بندش جبکہ پاسکو کی مرحلہ وار بندش کو اسی عمل کا حصہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور مشرق وسطی میں جنگ کے آغاز کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روکنے کے لیے 129 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ اس دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو متاثر کیے بغیر غیر ضروری اخراجات کم کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک ریاست کے اثاثے ہیں اور ان کی دیکھ بھال ضروری ہے، تاہم مرمت اور تزئین و آرائش مناسب حد تک ہونی چاہیے۔گورننس اور اصلاحات سے متعلق سوال پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومتی نظام میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ساختی تبدیلیوں اور اصلاحات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوام کی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے اور اسی بنیاد پر آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔
ٹیکسوں کے بوجھ سے متعلق سوال پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ بجٹ میں مالی گنجائش پیدا ہونے کے بعد تقریبا 400 ارب روپے کے ٹیکس کم کیے گئے، جن میں تنخواہ دار طبقے کو بھی ریلیف دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصار کم کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور اس حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔