ہومپاکستانربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت، ملزم احسن طاہر اڈیالہ جیل سے رہا

ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت، ملزم احسن طاہر اڈیالہ جیل سے رہا

راولپنڈی (غلام مصطفیٰ بھٹی) سینئر اینکر پرسن 92 نیوز ربیعہ احسن قتل کیس میں نامزد ملزم احسن طاہر کو ضمانت بعد از گرفتاری منظور ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی رہائی کے احکامات (روبکار) اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی، جس کے بعد ملزم کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے گزشتہ روز ملزم احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم ضروری دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث گزشتہ روز ملزم کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی تھی۔ روبکار کی تکمیل اور جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد آج ملزم کو رہا کر دیا گیا۔

مقدمے میں ایک اور اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی تھی جب مقتولہ ربیعہ احسن کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مقتولہ کی بہن، والدہ اور مقدمے کے مدعی خرم احمد نے عدالت میں حلف نامے بھی جمع کرائے تھے، جن میں ملزم کو معاف کرنے سے متعلق اپنا موقف اختیار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ طور پر اپنے شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی تھیں، واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا۔ ضمانت کی منظوری اور بعد ازاں ملزم کی اڈیالہ جیل سے رہائی کو مقدمے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔