راولپنڈی (سب نیوز)نوشکی میں شہید ہونے والے میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میجر عمر ناصر منہاس شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت اعلی سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہلِ خانہ بھی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان نے 14 نومبر کو ضلع نوشکی کے قریب جامِ شہادت نوش کیا۔پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم شہدا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا کی بہادری، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی باعثِ فخر ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
