مزدوریونین کے مطالبے پر ملازمین کو ملنے والی مختلف مراعات میں اضافہ۔
اسلام آباد : سی ڈی اے مزدور یونین کے مطالبے پر سی ڈی اے ملازمین کو ملنے والی مراعات میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، بچوں کے لیے اسکالرشپ سمیت دیگر مراعات میں اضافہ کر دیا گیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری و ممبر سٹاف ویلفیئر کمیٹی چوہدری محمد یٰسین نے سی ڈی اے بورڈ اور سٹاف ویلفیئر کمیٹی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بطور نمائندہ ورکرز سٹاف ویلفیئر کمیٹی کی میٹنگ میں ملازمین کو ملنے والی مراعات میں اضافے کا مطالبہ کیا جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ جس میں میرج گرانٹ کو دو لاکھ سے بڑھا کرچھ لاکھ، ڈیتھ گرانٹ میں ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے تک اضافہ، بچوں کے اسکالرشپ میں چالیس ہزار سے اسی ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ملازمین کی سہولت کے لیے ایک کروڑ سے زائد رقم کی نئی کفن کیرئیر بھی خریدی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سینٹر اور شادی ہال کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ ان تمام فیصلوں پر فوری عمل درآمد ہوگا۔ سی ڈی اے مزدور یونین کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کی مراعات و سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے اور ان فیصلوں سے یقینی طور پر ملازمین کو بھرپور فائدہ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے بھی جدوجہد جاری ہے اور امید ہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور اس کے علاوہ دیگر درپیش مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔
مزدور یونین ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ چوہدری محمد یٰسین
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
