اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے ترکیہ سے ڈی پورٹ ہونے والے 8 پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ شہری ورک ویزوں پر ترکیہ گئے تھے، تاہم مبینہ طور پر متعلقہ کمپنیوں میں ملازمت اختیار کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر دیگر مقامات پر کام کرنے لگے۔ ترک پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کے بعد جیل منتقل کیا اور بعد ازاں ڈی پورٹ کر دیا۔
ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دیگر افراد یا ایجنٹس کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون انسانی اسمگلنگ اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
