ہومتازہ ترینپاکستان کی ای سی او چیئرمین شپ علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم مواقع فراہم کرے گی، صدر آئی سی سی آئی

پاکستان کی ای سی او چیئرمین شپ علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم مواقع فراہم کرے گی، صدر آئی سی سی آئی

ای سی او کے ذریعے پاکستان کو علاقائی تجارتی اور ٹرانزٹ حب بنایا جا سکتا ہے، محمد ذکریا اکبر ضیاء

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء نے پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 30ویں اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقائی اقتصادی تعاون، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2026-27 کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی معاہدوں اور سفارتی روابط کو عملی معاشی ثمرات میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے نجی شعبے کی مؤثر شمولیت، تجارتی روابط کے فروغ اور سرحد پار تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اعلامیے کی متوقع منظوری اور ای سی او وژن 2035 کی منظوری علاقائی روابط، اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کے لیے ایک مؤثر لائحہ عمل فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ای سی او تجارتی معاہدے (ECOTA) اور ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک معاہدے (TTFA) پر عملی پیش رفت ضروری ہے تاکہ تجارتی طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے، نقل و حمل کے اخراجات کم ہوں اور رکن ممالک کے درمیان اشیاء کی نقل و حرکت کو سہل بنایا جا سکے۔

پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ مجوزہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان (UAP) ریلوے منصوبہ علاقائی رابطوں کے فروغ میں گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، جو وسطی ایشیائی منڈیوں کو پاکستان کی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور مؤثر ٹرانزٹ سہولیات پاکستان کو ایک اہم علاقائی تجارتی و لاجسٹکس مرکز بنانے کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیا کے خشکی میں گھرے ممالک کو عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کر سکتی ہیں۔

محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان، آذربائیجان اور قازقستان کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط برآمدات، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ کے لیے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔ تاہم، ضروری ہے کہ دوطرفہ معاہدوں اور سفارتی روابط کو عملی کاروباری شراکت داریوں، مشترکہ منصوبوں اور تجارتی حجم میں اضافے میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ای سی او ممالک کے درمیان باقاعدگی سے بزنس فورمز، تجارتی نمائشوں، بی ٹو بی ملاقاتوں اور کاروباری وفود کے تبادلوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ تاجروں کو نئے مواقع سے روشناس کرایا جا سکے اور علاقائی تجارتی روابط مضبوط ہوں۔

صدر آئی سی سی آئی نے زور دیا کہ ای سی او کے اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے نجی شعبے اور چیمبرز آف کامرس کو فعال شراکت دار بنایا جائے کیونکہ کاروباری برادری کے درمیان براہ راست تعاون کے بغیر پائیدار علاقائی اقتصادی انضمام ممکن نہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ای سی او کی چیئرمین شپ پاکستان کے اقتصادی اور سفارتی مقام کو مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کی اصل کامیابی کا اندازہ باہمی تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع اور رکن ممالک کی مشترکہ اقتصادی خوشحالی سے لگایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔