انطالیہ (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی انطالیہ میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کے تحت کوپ 31کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم اور ترک صدر نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی کے شعبے میں اشتراک اور علاقائی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز رہی۔
دونوں رہنمائوں نے جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے دوران مستقل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماوں نے خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماوں نے قومی مفاد کے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی کی دیرینہ روایت کا مظہر ہے۔دونوں رہنماوں نے برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
