اسلام آباد(سب نیوز) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے دریائوں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے ہیں۔
2 روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب 5دریائوں کی سرزمین ہے۔ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریائوں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریائوں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں ، دریائوں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔ پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوش حالی میں بدلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے معدنی وسائل سے استفادے کے لیے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ صوبے میں کاروبار کے لیے سستے نرخوں پر زمین فراہم کر رہے ہیں۔
پنجاب کے دریائوں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے،وزیراعلیٰ مریم نواز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
