ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے کا اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ،جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

چیئرمین سی ڈی اے کا اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ منصوبے کا دورہ،جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ)منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کو منصوبے میں ابتک ہونے والے ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر ابتک منصوبے کے 31فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کر لئے گئے ہیں اور اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ)منصوبے کے تحت فیض آباد تا گلبرگ گرینز تک تقریبا 9.3 کلومیٹر طویل دو طرفہ تین رویہ کیرج روڈ تعمیر کی جارہی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ)منصوبے کے مختلف سیکشنز پر بیک وقت تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کے اہم حصے انڈر پاس کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ انڈر پاس کی تمام 153 پائلز کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ریمپ اے اور ریمپ بی ریٹنیگ والز کا کام تیزی کیساتھ جاری ہے۔ علاوہ ازیں، پلوں اور نکاسی آب کیلئے مختلف کلورٹس کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ایکسپریس وے (ایسٹ)کے اطراف ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کیخلاف انفورسمنٹ آپریشن بھی جاری ہے جسکا مقصد منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل کو ممکن بنانا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ)منصوبے میں تعمیراتی کاموں کی کوالٹی کے اعلی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بنانے کیساتھ شفافیت اور رفتار کا خاص خیال رکھا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سروس روڈ (ایسٹ)کی تکمیل سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کے دباو میں نمایاں کمی آئیگی اور شہریوں کو ایندھن اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے سے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) کے جڑواں شہروں میں رہنے والے رہائشیوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہونگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔