اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر میں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تقریبا ایک ہی پیج پر ہیں، تاہم نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر طویل سیاسی اختلافات کے بجائے عوامی ریفرنڈم سے بہتر کوئی تجویز نہیں،کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ طور پر مسلط نہیں کیا جائے گا۔
جمعرات کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے جبکہ ان کی اپنی تجویز مجموعی ری سیٹ سے متعلق ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتیں حکومت کی اہم اتحادی ہیں اور تمام فیصلے باہمی مشاورت و رضامندی سے ہوں گے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات سے متعلق چلنے والی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا۔
نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو اس مسئلے پر اپنا الگ مقف رکھنے کا حق حاصل ہے، بشمول پیپلز پارٹی کے، لیکن حتمی فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نئے صوبوں کی مخالفت کریں تو ان کا فیصلہ قبول کیا جائے اور اگر حمایت کریں تو سیاسی جماعتیں اس کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس ریفرنڈم سے بہتر کوئی متبادل تجویز ہے تو وہ بھی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس مسئلے پر مختلف آرا رکھتی ہیں لیکن بحث کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے عوام کی رائے لینا سب سے بہترین حل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، اگر عوام کہیں گے کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہییں تو میں 100 فیصد ان کے ساتھ ہوں گا اور اگر عوام ان کے حق میں فیصلہ دیں تو نئے صوبے بننے چاہییں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سروے اور عوامی مباحثے نئے صوبوں کی حمایت کا تاثر دیتے ہیں تاہم باضابطہ رائے شماری ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کا اپنا موقف ہے جبکہ بعض جماعتوں نے ابھی پالیسی واضح نہیں کی۔
تجاوزات سے متعلق نوٹسز اور جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے محسن نقوی نے کسی ایک سیاسی شخصیت کو نشانہ بنانے کے تاثر کو مسترد کر دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 4 سے 5 ماہ سے جاری مہم کے تحت 5 یا 6 ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اور یہ نوٹس صرف مولانا فضل الرحمان کو نہیں بھیجے گئے۔انہوں نے اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قبضے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو قانونی چارہ جوئی کا پورا حق حاصل ہوگا۔سیاسی کشیدگی اور انتقامی احتساب کے الزامات پر محسن نقوی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سیاسی معاملات میں ری سیٹ کی بات کر دی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے کیونکہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ اپنے اندر بھی احتساب کر رہی ہے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بڑے کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے میں بھی ایک سرکاری افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ کئی افسران کو عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والے مواد کے حوالے سے احتیاط برتنے اور پروپیگنڈے سے بچنے کی تلقین بھی کی۔وزیر داخلہ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ کم وسائل اور آبادی کے مقابلے میں قلیل عملے کے باوجود ایجنسی نے ایک بڑا بین الاقوامی امتحانی فراڈ پکڑا ہے۔اس گینگ نے غیر قانونی طریقوں سے تقریبا 5000 پاکستانیوں کو بین الاقوامی اداروں کے امتحانات پاس کرائے۔انہوں نے کہا کہ اس گینگ اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی کیونکہ یہ اسکینڈل عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتا تھا۔
محسن نقوی نے مزید انکشاف کیا کہ حکام نے گزشتہ 1 ماہ کے دوران آن لائن فحش مواد کے کاروبار میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن کا تعلق پاکستان بالخصوص لاہور سے ہے اور وہ بین الاقوامی ویب سائٹس سے منسلک تھے۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز اور بچوں کے استحصال سے جڑے دیگر کیسز کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور سائبر کرائم اداروں کو مزید وسائل فراہم کرنے سے ایسے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم سے بہتر کوئی تجویز نہیں، سسٹم ری سیٹ پر میں اور بلاول بھٹو ایک ہی پیج پر ہیں، محسن نقوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
