اسلام آباد(سب نیوز)آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 4 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، حلف برداری کی تقریب میں آزاد کشمیر کے صدر ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم افتخار گیلانی اور وفاقی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل اور وزیراعظم شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 4 نومنتخب ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، حلف اٹھانے والوں میں چوہدری لطیف اکبر، مشتاق منہاس، چوہدری سعید اور چوہدری منظور شامل ہیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے 4 نومنتخب ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کونسل کے رکن کی حیثیت سے اپنی بھرپور کوششوں کے ذریعے آزاد کشمیر کے بہترین مفاد میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، بطور چیئرمین کونسل انہیں ارکان کے ساتھ مل کر اس پل کو مزید مضبوط کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب مل کر دن رات محنت کریں گے اور حالیہ انتخابات میں آزاد کشمیر کے عوام نے نومنتخب ارکان کو جو مینڈیٹ دیا ہے، اسے صدق دل سے عملی جامہ پہنایا جائے گا تاکہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو۔شہباز شریف نے صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر پر زور دیا کہ وہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار بھرپور طور پر استعمال کریں اور عوام کے مسائل مشاورت اور باہمی تعاون سے حل کریں۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے ترقیاتی کاموں کو مزید تقویت دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، تعلیم اور علاج معالجے کے اداروں سمیت دیگر سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں حالیہ مہینوں کے دوران پیش آنے والے بعض افسوسناک واقعات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب نے مل کر متعلقہ لوگوں کو انتہائی سنجیدگی سے سمجھانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی، جہاں کھل کر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر یہ بھی کہا گیا تھا کہ نئے انتخابات کے بعد جو اسمبلی وجود میں آئے گی، وہ اتفاق رائے یا اکثریت سے جو بھی قانون منظور کرے گی اور جو بھی فیصلہ کرے گی، سب اس کا احترام کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ نیک مشورہ قبول نہیں کیا گیا، تاہم قانون نے اپنا راستہ اپنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اپنا سیاسی اور قانونی فرض ادا کرنا تھا، کیونکہ وہاں توڑ پھوڑ اور بیرونی اشاروں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے مفاد کے خلاف سرگرم ہونے والی طاقتیں حرکت کررہی تھیں۔انہوں نے گزشتہ سال معرکہ حق میں پاک فوج کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا اور دشمن کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے گا۔شہباز شریف نے افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کو ایک مرتبہ پھر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے کہا کہ مل کر آزاد کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ایسے اقدامات کیے جائیں گے جنہیں آزاد کشمیر کے عوام آنے والے وقتوں میں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب آئے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب کا اختتام آزاد کشمیر زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 4 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
