اسلام آباد (سب نیوز)انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے اپنے وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ اپنی مثبت شراکت داری بالخصوص ہنرمند افرادی قوت اور نوجوانوں کے لیے پیداواری روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم نے بالخصوص اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور پیشہ ورانہ تربیت کے سلسلے میں عالمی لیبر مارکیٹ کے معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی جانب سے مزید سہولت معاون ثابت ہو گی۔وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے تقاضوں کے مطابق حکومت قومی افرادی قوت کی فلاح و بہبود، تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مثر اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی، پیداواری استعداد اور ہماری لیبر مارکیٹ کی مسابقتی صلاحیت میں اضافے کے لیے حکومت نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)کو ازسرنو فعال کیا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مزید مضبوط تعاون اور تعمیری روابط سمیڈا کے اقدامات کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے ملاقات پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کی افرادی قوت کے تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشیں آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے آئی ایل او اور وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی, کے درمیان مثبت رابطہ کاری کو بھی سراہا۔ گلبرٹ ایف ہونگبو نے پاکستان میں حکومت، آجرین اور ملازمین کے ساتھ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مسلسل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے افرادی قوت کی ہمہ گیر ترقی اور صنعتی پیش رفت کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ سینئر مشیر محترمہ ہیتومی ناکاگومے اور پاکستان میں آئی ایل او کے کنٹری آفس کے ڈائریکٹر مسٹر گیر تھامس ٹونسل بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی، سید طارق فاطمی، قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر، ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر مجید عزیز، آئی ایل او کی گورننگ باڈی کے ڈپٹی ممبر (ورکرز)محمد سعد اور اعلی حکومتی حکام ملاقات میں شریک تھے۔
