پشاور (سب نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیو کا کیس سامنے آ گیا جس کے بعد ملک میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
رواں سال 6 کیسز میں سے بنوں سے 3 ، شمالی وزیرستان ، خیبر اور سندھ کے علاقے سجاول سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اس سال چار بڑی پولیو مہمات میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو متعدد بار ویکسین پلائی گئی۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق خیبر کی تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے کے 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ای او سی کے مطابق رواں سال رپورٹ ہونے والے 6 پولیو کیسز میں سے 5 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ خیبر، پشاور اور جنوبی خیبر پختونخوا کو پولیو کے حوالے سے ہائی رسک علاقے قرار دیا گیا ہے۔نئے پولیو کیس کی رپورٹ کے بعد ضلع خیبر میں ویکسینیشن کا عمل مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائی رسک علاقوں میں بچوں کو زبانی اور انجیکشن کے ذریعے پولیو ویکسین پلانے اور لگانے کی مہم کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔این ای او سی حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے وہ اپنے بچوں کو ویکسین کی تمام تجویز کردہ خوراکیں لازمی دلوائیں۔
خیبر میں پولیو کا کیس سامنے آ گیا ، ملک میں رواں سال کیسز کی مجموعی تعداد 6ہو گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
